اسلام آباد(ویب ڈیسک) عالمی ادارہ صحت نے (ڈبلیو ایچ او) کورونا سے بچاؤ کے لیے حفاظتی سامان پاکستان کو فراہم کردیا۔ عالمی ادارہ صحت کے نمائندے نے حفاظتی سامان نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی( این ڈی ایم اے) حکام کے سپرد کیا جس میں 15 ٹیسٹنگ مشینیں اور 15 ہزار کٹس شامل ہیں۔ اس موقع پر عالمی ادارہ صحت کی نمائندہ ڈاکٹر پالیتھا گناراتھا نے کہا کہ عالمی ادارے نے یہ آلات کوروناوائرس کی وبا کو پھیلنے سے روکنے سے متعلق پاکستان کی کوششوں میں تعاون کے طور پر دیے ہیں۔ اس متعلق چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے بتایا کہ این 95 ماسک کے علاوہ تمام حفاظتی سامان ملک میں تیار ہو رہا ہے۔
چیئرمین این ڈی ایم اے نے مزید بتایا کہ ملک میں اس وقت 37 ٹیسٹنگ لیبارٹریز کام کررہی ہیں، مزید 25 لیبارٹریوں کو جلد فعال کردیا جائے گا کیونکہ یومیہ 50 ہزار سے زائد ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت حاصل کرلی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں داخل ہونے والوں کی مؤثر چیکنگ کا نظام وضع کیا ہے اور ساتھ ہی کورونا ٹیسٹ کے لیے 100 موبائل لیبارٹریاں بھی قائم کی جارہی ہیں۔ واضح رہےکہ ملک میں کورونا وائرس کیسز کی تعداد روزبروز بڑھتی جا رہی ہے جس میں ڈاکٹرز سمیت طبی عملہ بھی شامل ہے، اب تک متاثرین کی تعداد 5300 سے زائد ہو چکی ہے جب کہ ہلاکتوں کی تعداد 94 ہے۔