سوات (زما سوات ڈاٹ کام ۔06اگست 2017ء )روزنامہ چاند کے چیف ایڈیٹر رشید اقبال نے کہا ہے کہ علاقائی نمائندے اخبار کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، نمائندوں کی محنت رنگ لے آئی ہے جس کی بدولت آج روزنامہ چاند ترقی کی بلندیوں پر قدم جما چکا ہے ،چودہ سال قبل جو پودا لگایا تھا وہ آج اللہ کے فضل سے تناور درخت کا روپ دھار چکا ہے جس پر روزنامہ چاند کی پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ’’روزنامہ چاند‘‘ کے مرکزی آفس میں علاقائی نمائندوں کی ایک اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، اجلاس سے روزنامہ چاند کے ریذیڈنٹ ایڈیٹر حکیم عثمان علی اور ایڈیٹوریل انچارج فضل خالق خان نے بھی خطاب کرتے ہوئے نمائندوں سے اخبار کی ترقی کے حوالے سے اپنی خدمات میں مزید تیز ی پیدا کرنے کی ہدایت کی، حکیم عثمان علی نے کہا کہ نمائندے بروقت خبروں کی فراہمی کے لئے وقت اور دی گئی ہدایات کی پابندی کریں اس کے علاوہ اشتہارات کی مد میں بھی اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کا اہتمام کیا جائے ، فضل خالق خان نے ایڈیٹوریل پیچ اور کلر ایڈیشن کے لئے مواد کی بروقت پہنچ اور رپورٹس کی فراہمی کے لئے اپنی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت کی ،تقریب میں شریک روزنامہ چاند سوات کے نمائندوں گوہر علی گوہر ،عادل شاہ، نوخارے استاد ، عبدالسلام ،وقاراحمد،سلطان بونیری ، معراج الدین ،اسماعیل بابر ، اسماعیل انجم اور علی شاہ اور وقاص خان نے بھی شرکت کرکے اپنے آپ کو درپیش مشکلات ومسائل کی نشان دہی اور اخبار کی ترقی کیلئے اپنی خدمات میں تیزی لانے کا عزم کیا، آخر میں اخبار کے چیف ایڈیٹر رشید اقبال نے تمام نمائندوں کو درپیش مسائل ومشکلات فوری طورپر حل کرنے اور اخبار کی ترقی کے لئے دی گئی تجاویز پر عمل درآمد کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ روزنامہ چانداپنی صحافتی ذمہ داریوں کو پور اکرتے ہوئے علاقے کی عوام کی بھر پور خدمت کررہا ہے جس میں نمائندوں کا کردار ایک مسلمہ حقیقت ہے ، روزنامہ چاند اپنے نمائندوں ان خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور اگلے سال سے کارکردگی کی بنیاد پر اپنے نمائندوں کی حوصلہ افزائی کیلئے مختلف انعامات کا سلسلہ شروع کرے گا جس کا مقصد صرف اور صرف اپنے نمائندوں کی خدمات کا اعتراف کرنا ہوگا۔ تقریب کی آخر میں اجلاس میں آئے ہوئے تمام معزز مہمانوں کیلئے پروقار ضیافت کا اہتمام بھی کیا گیا تھا ، اجلاس میں روزنامہ چاند سوات کے سٹا ف کارکنان ایمل رشید، ۔۔۔۔۔، عبدالخالق، توثیق گلشن ، محیب خان، عزیزاللہ، معاذ عمر،نجیب ،منیجر سلیمان نے بھی شرکت کی۔