اسلام آباد(ویب ڈیسک)فرانس اور جرمنی نے پاکستان کے لیے اپنی ٹریول ایڈوائزری (سفری ہدایات) نرم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ نجی ٹی وی ٹاک شومیں گفتگو کرتے ہوئے فرانس اور جرمنی کے سفیروں نے کہا کہ پاکستان اب ایک محفوظ ملک ہے۔ دونوں ممالک کے سفیروں کا کہنا ہے کہ پاکستان نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف)کے معیار پر پورا اترنے کے لیے مثبت پیش رفت کی ہے۔
یورپی یونین کے 2 اہم ممالک کے سفیروں کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت میں دشمنی کے خاتمے کے لیے امریکا اہم کردار ادا کر سکتا ہے اور امید ہے کہ امریکا یہ کردار ادا کرے گا۔ خیال رہے کہ امریکی جریدے فوربز نے بھی پاکستان کو 2020 میں سیاحت کے لیے دنیا کے 10 پسندیدہ ملکوں میں شامل کیا ہے۔ اس کے علاوہ سیاحت اور لائف اسٹائل کے مقبول ترین امریکی میگزین’کونڈی ناسٹ‘ نے بھی 2020 میں گھومنے پھرنے کے لیے سیاحوں کے لیے بہترین اور خوبصورت ترین 20 ممالک کی فہرست میں پاکستان کو سرفہرست رکھا ہے۔