سوات (زما سوات ڈاٹ کام ، تازہ ترین۔ 14 اپریل 2018ء) سوات کے نواحی علاقہ قمبر میں سفاک مجرم نے 5 سال کی بچی کو ہوس کا نشانہ بنا کر بے ہوشی کی حالت میں چھوڑکر فرار ہوگیا۔ بچی کو تشویشناک حالت میں سیدوشریف اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق واقعہ مینگورہ کے نواحی علاقے قمبر میں پیش آیا جہاں سفاک مجرم نے پانچ سال کی بچی مسماۃ( ر) کو زیر تعمیر عمارت میں لے جاکر ہوس کا نشانہ بنایا اور بے ہوشی کی حالت میں چھوڑ کر فرار ہوگیا۔ بعدازاں کراہنے کی آواز سن کر مقامی لوگوں نے بچی کو تشویشناک حالت میں سیدوشریف اسپتال منتقل کردیا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق بچی کی جان بچانے کی کوشش کی جارہی ہے، دوسری جانب پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزم کی تلاش شروع کردی ہے اور متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔