لوڈ شیڈنگ پر قابو پانا وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے،محمود خان

سوات (زما سوات ڈاٹ کام ۔27اگست 2017ء )خیبر پختونخوا کے وزیر کھیل ، ثقافت ، میوزیم ، آثار قدیمہ اور امور نوجوانان محمود خان نے کہا ہے کہ تین کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والا مٹہ فو فیڈر تعمیر ہونے سے مٹہ کی عوام کو کم وولٹیج اور اوور لوڈنگ کا جو دیرینہ مسئلہ تھا وہ مستقبل بنیادو ں پر حل ہو جائے گا، انہوں نے خوازہ خیلہ سوات کے مقام پر مٹہ فور فیڈرکے تعمیراتی کام کے معائنہ کے دوران لوگوں سے بات چیت کے دوران کیا ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود تحصیل مٹہ کے وہ لوگ جو بجلی کی سہولت سے ابھی تک محروم تھے ان کی گھروں تک بجلی پہنچادی ہے، کروڑوں روپے کی لاگت سے 2500بجلی کے کھمبے اور 272نئے ٹرانسفامرز کے علاوہ پرانے بجلی کے تار بھی تبدیل جبکہ تقریباً دو سو کے قریب پرانے بجلی ٹرانسفامرز کی دوبارہ مرمت بھی کی گئی ہے ۔محمود خان نے کہا کہ افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ واپڈا وفاقی حکومت کے زیر نگرانی یہاں کی عوامی مسائل حل کرنے میں ناکام ہے ، لوڈ شیڈنگ پر قابو پانا وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے لیکن مسلم لیگ (ن) کی وفاقی حکومت خیبر پختونخوا کے عوام سے سوتیلی ماں کا سلوک کر رہی ہے جس کی وجہ سے ان سے روزبروز عوام کی نفرت بڑھ رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کرپٹ مافیا کے خلاف عمران خان سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑا ہے اور جب تک ان کرپٹ مافیا سے عوام کونجات نہیں ملے گی عمران خان اور پی ٹی آئی کے تمام رہنماؤں کی جدوجہد ان کے خلاف جاری رہے گی ۔

Mehmood KhanPTi