مخالفین تحریک انصاف کی مقبولیت سے بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکے ہیں،محمود خان

سوات (زما سوات ڈاٹ کام ۔23جولائی 2017ء )خیبر پختونخوا کے وزیر کھیل ، ثقافت ، میوزیم ، امورنوجوانان اور پاکستان تحریک انصاف ملاکنڈ ریجن کے منتخب صدر محمود خان نے کہا ہے کہ ہمارے مخالفین تحریک انصاف کی مقبولیت سے بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکے ہیں، انتخابات قریب آتے ہی پختونوں کے حقوق کے نام نہاد علمبردارعوامی نیشنل پارٹی اور دیگر موقع پرست سیاستدانوں کو ضلع سوات کے عوام کی یاد پھر سے ستانے لگی ہے لیکن باشعور عوام ان کی چالوں کو سمجھتے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اشاڑی مٹہ میں ایک عظیم الشان شمولیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر عوامی نیشنل پارٹی سے 30سالوں سے وابستہ سرکردہ اور اہم کارکنان عبدالجبار ، سعید اﷲ خادم ، اجمل ، فضل سبحان ، اشفاق ، مجیب ، نعمت اور اکرام نے اپنے اپنے خاندانوں اور سینکڑوں ساتھیوں کے ہمراہ پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی ۔ اجتماع سے رکن صوبائی اسمبلی اور ڈیڈک چیئرمین فضل حکیم خان ، تحصیل مٹہ کے ناظم عبدا اﷲ خان ، نائب ناظم محمد حکیم خان اور پی ٹی آئی کے رہنما ملک اختر علی خان نے بھی خطاب کیا ۔ محمود خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کی عوام دوست پالیسیوں اور کئے گئے وعدوں کی تکمیل پر دوسرے سیاسی پارٹیوں کے کارکنان جوق درجوق پی ٹی آئی کا حصہ بن رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت نے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبو ں پر اربوں روپے خر چ کر دئیے جس سے عوام کی زندگی پر دور رس نتائج پڑرہے ہیں ،صوبائی وزیر نے کہا کہ اے این پی کے نمائندے اپنی گریبانوں میں جھانک کر دیکھیں اور پھر دوسروں پر تنقید کریں اگر انہوں نے عوام اور صوبے کی ترقی پر توجہ دی ہوتی تو انتخابات میں بری طرح شکست سے دوچا رنہ ہوتے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ 2018کے الیکشن میں ایک بار پھر پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے علاوہ پورے ملک میں کلین سویپ کرے گی اور عمران خان ملک کے وزیراعظم ہوں گے ۔

Fazal HakeemMehmood KhanPTi