سوات : تحصیل چارباغ کے علاقے منگلور میں ایک آئل ٹینکر الٹنے کے باعث سڑک پر آئل بہنے لگا، جس سے ممکنہ طور پر بڑے نقصان کا اندیشہ تھا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی فائر فائٹر اور میڈیکل ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ آگ لگنے کے خدشے کے پیش نظر ریسکیو اہلکاروں نے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے فوم اور پانی کا استعمال کر کے بہتے ہوئے آئل کو سڑک اور ٹینکر سے علیحدہ کیا اور صورتحال کو قابو میں رکھا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، جس کی وجہ سے ڈرائیور زخمی ہوگیا۔ زخمی ڈرائیور کو ریسکیو 1122 کی میڈیکل ٹیم نے فوری طبی امداد فراہم کی۔
حکام کے مطابق ٹیمیں کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے تاحال موقع پر موجود ہیں اور علاقے کو محفوظ بنانے کے لیے کام جاری ہے۔ حادثے کے بعد ٹریفک کو متبادل راستے پر منتقل کر دیا گیا ہے تاکہ مزید مشکلات سے بچا جا سکے۔