سوات(زما سوات ڈاٹ کام:4دسمبر2017ء)سوئی گیس لوپریشراور بندش کے خلاف مینگورہ میں بلدیاتی نمائندوں کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا،مینگورہ شہراورگردونواح میں سوئی گیس لوپریشر، لوڈشیڈنگ، گیس بلوں میں جی ایس ٹی کے خلاف منتخب بلدیاتی نمائندوں کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ ہوا۔ مظاہرے کی قیادت یونین کونسل شاہدرہ نویکلے کے تحصیل کونسلرشاہدعلی خان کررہے تھے جس میں ڈسٹرکٹ کونسلر شوکت علی خان اوردیگر منتخب بلدیاتی نمائندوں اوراہل علاقہ نے کثیرتعدادمیں شرکت کی، مظاہرین نے شاہدرہ سے سوئی گیس دفتر فضاگٹ تک احتجاجی واک کیا، مظاہرین نے کتبے اورپلے کارڈز اٹھارکھے تھے، جن پر نعرے درج تھے ، سوئی گیس دفتر کے سامنے مظاہرین نے دھرنابھی دیا، اس موقع پرمظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے شاہدعلی ، شوکت علی خان اوردیگرمقررین نے کہا کہ محکمہ سوئی گیس نے صارفین کے ناک میں دم کررکھاہے۔کم پریشر، بندش اورسوئی گیس کے بلوں میں جی ایس ٹی کا اندراج سراسر زیادتی وناانصافی ہے ، انہوں نے کہا کہ ہم عوامی لوگ ہیں اورعوام پر اس طرح کی ظلم برداشت نہیں کرسکیں گے ، انہوں نے کہا کہ عوام کو درپیش مسئلہ فوری طورپرحل کردیاجائے، اس موقع پر سوئی گیس انچارج اکبرامان نے مظاہرین سے مذاکرات کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت 170تک پریشرہے جبکہ ضرورت PSi 110 ہے، اب یہ برقراررکھتے ہوئے پریشر کامسئلہ حل کردیاہے انہوں نے کہا کہ جی ایس ٹی کے حوالے سے اعلیٰ حکام کو تحریری طورپرآگاہ کردیں گے ، ان کی یقین دہانی کے بعد مظاہرین پرامن طورپرمنتشرہوگئے۔