سوات (زما سوات ڈاٹ کام ، تازہ ترین۔ 19 اپریل 2019ء) ورکرز ویلفیئربورڈز کے زیر انتظام ورکنگ فوکس گرائمر سکولز اور لیبر کالونیوں میں کلین اینڈ گرین پاکستان کے تحت ایک لاکھ پودے لگانے کا ہدف مقرر کردیا گیا ہے تاکہ ماحولیاتی چیلنجز کا مقابلا کیا جا سکے، ان خیالات کا اظہار چیئرمین ورکرز ویلفیئربورڈ سیکرٹری لیبر خیام حسن خان نے پشاور کے مختلف ورکنگ فوکس گرائمر سکولوں میں باقاعدہ شجر کاری مہم کے افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران کیا، اس موقع پر سیکرٹری ورکرز ویلفیئربورڈ ڈاکٹر محمد بلال ،ڈائریکٹر فنانس تاج ولی سید اور ڈپٹی ڈائریکٹر محمد شعیب بھی موجود تھے، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا ویژن ہے کہ پاکستان موجودہ دور میں ماحولیاتی مسائل سے بہترین طریقے سے نبردازما ہو اور اس کیلئے پہلے دور میں صوبائی حکومت نے بلین سونامی ٹریز کے منصوبے کا افتتاح کیا جو کامیابی سے جاری ہے تاہم اب عمران خان نے پورے ملک میں اس کو کلین اینڈ گرین پاکستان کا نام دیا ہے جو کہ بین الاقوامی سطح پر ایک بڑی کوشش کے طور پر سراہا جا رہا ہے، انہوں نے تمام متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ اپنے طور پر گھروں میں بھی مزید پودوں کو لگانے کو یقینی بنائے جبکہ ورکنگ فوکس گرائمر سکولوں اور لیبر کالونیوں میں ایک لاکھ پودے لگانے کا ٹارگٹ مقرر کیا گیا ہے جس سے ہر صورت میں حاصل کیا جائے گا۔