سوات(زما سوات ڈاٹ کام۔25جولائی2017ء) پانی کی عدم فراہمی کے خلاف اہلیان ملوک آباد سراپا احتجاج بن گئے،جنازگاہ روڈ کو بلاک کر کے منتخب نمائندوں اور محکمہ واپڈا کے خلاف شدید نعرہ بازی کی گئی،ذرائع کے مطابق سوات کے مرکزی شہر مینگورہ کے محلہ ملوک آباد،رنگ محلہ،قاضی آباد،راجہ آباد کے مکینوں نے پانی کی عدم فراہمی کے خلاف جنازگاہ روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا،مظاہرین نے روڈ کو ہر قسم ٹریفک کے لئے بند رکھا جبکہ ایم پی اے فضل حکیم ،دیگر منتخب نمائندوں اور محکمہ واپڈا کے خلاف شدید نعرہ بازی کی ،مظاہرین کا کہنا تھا کہ علاقہ میں پانی کی قلت کا سامنا ہے،عرصہ گزر گیا لیکن ان علاقوں میں پانی کی عدم فراہمی کا مسلہ حل نہ ہوسکا،انہوں نے کہا کہ شدید گرمی میں لوگ پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں جبکہ منتخب نمائندوں نے مکمل خاموشی اختیار کر لی ہے ،انہوں نے کہا کہ تبدیلی کے نام پر آنے والی حکومت نے بھی ہمارے مسلے کو حل نہیں کیا،انہوں نے کہا کہ اگر جلد از جلد علاقہ میں پانی کا مسلہ حل نہ ہوا تو شدید احتجاج پر اُتر آئیں گے،بعد ازاں پولیس اور مقامی لوگوں کی مداخلت کے بعد روڈ کو ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا اور مطاہرین منتشر ہو گئے۔