پشاور ایئرپورٹ پر مسافر کے کرکٹ بیٹ سے بھاری مقدار میں چرس برآمد، ملزم کو ابتدائی کارروائی کے بعد اے این ایف کے حوالے کردیا گیا۔ اے ایس ایف نے بیرون ملک جانے والے مسافر کے پاس موجود کرکٹ بیٹ سے بھاری مقدار میں چرس برآمد کرکے اسے حراست میں لے لیا۔ایکسپریس نیوز کے مطابق ایئر پورٹ سیکیورٹی فورس نے پشاور باچا خان ایئرپورٹ پر قطر جانے والی پرواز کے مسافروں کی سامان کی تلاشی لینے کے دوران ایک مسافر کے سامان میں شامل کرکٹ بیٹ کو وزن زیادہ ہونے کے باعث مشکوک جان کر توڑ دیا، جس کے اندر بڑی مہارت کے ساتھ خفیہ خانہ بنا کر چرس چھپائی گئی تھی۔اے ایس ایف کے مطابق چرس کا وزن تقریبا ڈھائی کلو گرام تھا، مسافر کو حراست میں لے لیا گیا،اے ایس ایف کے مطابق ملزم کا نام یاسر ہے جو اورکزئی کا رہائشی ہے اور نجی فلائٹ سے قطر جارہا تھا جبکہ ملزم کو ابتدائی کارروائی کے بعد اے این ایف کے حوالے کردیا گیا۔