اسلام آباد(ویب ڈیسک)وفاقی دارالحکومت میں پولیس اہلکاروں کی وردیوں میں کیمرے کے بعد شہریوں کی فوری شناخت کے لیے فنگر پرنٹ ٹیکنالوجی بھی متعارف کرا دی گئی۔ ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق ناکوں پر فنگر پرنٹ سافٹ وئیر متعارف کرایا گیا ہے، بائیو میٹرک سسٹم سے ہر شہری کا ریکارڈ ناکوں پر میسر ہو گا۔
اسلام آباد پولیس ترجمان کا مؤقف ہے کہ سافٹ وئیر کے ذریعے جرائم پیشہ افراد اور چوری شدہ گاڑیوں کی معلومات میسر ہوں گی۔ ترجمان کے مطابق اب کسی شخص کی تصدیق کے لیے پولیس کو تھانے جانے کی ضرورت نہیں پڑےگی۔ آئی جی اسلام آباد عامر ذوالفقار کا کہنا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ہمارا اولین فرض ہے اور وفاقی دارالحکومت کو جرائم سے پاک کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کریں گے۔