سوات (زما سوات ڈاٹ کام:18اکتوبر2017ء) قائمقام ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ملاکنڈ ڈویژن محمد اعجاز خان نے کہا ہے کہ سوات میں انٹیلی جنس اداروں کی اطلاع پر کو کومبنگ اپریشن جاری ہے اور پولیس جرائم پیشہ افراد کے خلاف کاروائیاں کررہی ہیں اور پولیس ایکٹ2017 کا مقصد پولیس اور عوام کے درمیان فاصلے کم کرنا ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع کونسل کے اجلاس میں ششماہی رپورٹ پیش کرنے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ، انہوں نے کہا کہ پولیس ایکٹ 2017 کا نفاذ پولیس اور عوام کے درمیان روابط مضبوط بنانا ہے اور سوات میں جو حالات گزرے ہیں اس سے ہمیں سبق سیکھنا چاہیے ، اب ہمیں اپنے ملک سے وفاداری اور دشمنوں کی سرکوبی کے لئے مشترکہ کوشش کرنی چاہئے،انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے دوران شہید ہونے والے 13پولیس اہلکارجو شہداء پیکج سے رہ گئے تھے انکی کیس سی پی او بھیجوا دی ہے ، انکے ورثاء کو شہداء پیکج کے تحت مراعات دی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس میں جزاء اور سزا کا عمل جاری ہے اور رواں سال اچھے کارکردگی پر پولیس اہلکاروں سمیت عا م لوگوں کو بھی انعامات سے نوازگیا ہے ، جبکہ غفلت سے برتنے پر 5سب انسپکٹر وں ، ایک سینئر کلرک ،چھ ہیڈ کانسٹیبل اور 82 پولیس کانسٹیبل کو سزائیں دی گئی جبکہ 24 اہلکاروں کو برطرف کیا گیا۔