سوات (زما سوات ڈاٹ کام ۔03اگست 2017ء )ڈی آئی جی ملاکنڈ ریجن اختر حیات خان نے کہا ہے کہ پولیس شہداء نے اپنا آج ہمارے کل کیلئے قربان کرکے ایک نئی تاریخ رقم کر دی ہے دھرتی اور امن کیلئے قربانیاں دینے والے پولیس شہداء ہمارے قومی ہیروز ہیں ہمیں اپنے پولیس شہداء پر فخر ہے آج بھی پولیس ملک و قوم کی خاطر ہر قربانی دینے کیلئے صف اول کا کردار ادا کر رہی ہے پولیس کا مورال بلند ہے اور شہداء کے خاندان اور ان کے بچے خود کو اکیلے تصور نہ کریں ان کے پیاروں نے اس ملک کی خاطر اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے ہیں ہم ان کو تنہائی کا احساس نہیں دلائیں گے. ان خیالات کا اظہار انہوں نے فضا گٹ پارک میں یوم شہداء پولیس کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر ضلع ناظم محمد علی شاہ ، تحصیل ناظم بابوزئ اکرام خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ شعرائے کرام نے پولیس کے حوالے سے نظمیں اور اشعار پڑھ کر خوب داد حاصل کی جن میں ظفر علی ناز ، سرور محمود خٹک ، بخت زردریاب ، اقبال نسیم ، فضل واحد ، محمد ریاض ، محمد سعید ، فضل رحیم ، شمس الاقبال شمس اور دیگر شامل ہیں جبکہ معروف مزاحیہ شاعر میراوس کے طنزو مزاح پر مبنی شاعری نے محفل لوٹ لی، پر پولیس انسپکٹر اقبال نسیم اور ڈی ایس پی قاضی شوکت نے پولیس شہداء کے حوالے سے نظمیں پیش کی اس موقع پر ڈی پی او سوات اعجاز خان بھی موجود تھے جبکہ پولیس شہداء کے بچوں اور گھر والوں کو بھی مدعو کیا گیا تھا ڈی آئی جی نے واضح کیا کہ پولیس ہر قسم دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کیلئے پر عزم ہیں اورہمارے جوانونں نیخود کش کو گلے لگا کر ایک نئی تاریخ رقم کر دی ہے انہوں نے کہا کہ سوات پولیس کو جتنا بھی خراج تحسین پیش کیا جائے اور ان کی تعریف کی جائے کم ہے انہوں نے کہا کہ پولیس عوام کے جان و مال کے لئے ہر وقت الرٹ ہے اور وہ حقیقی معنوں میں اس ملک کے پاسبان ہیں ۔