سوات(زما سوات ڈاٹ کام۔14اگست2017ء) پین سکول کالام کیمپس میں جشن یوم آزادی تقریب کا انعقادکیا گیا ۔تقریب میں سکول بچوں ، والدین اور علاقہ معززین نے کثیرتعداد میں شرکت کی ۔تقریب کے مہمان خصوصی تحصیل ناظم بحرین حبیب اللہ ثاقب تھے ۔ سکول بچوں نے یوم آزادی کے حوالے تقاریر، ملی نغمے ، خاکے اور دیگر رنگا رنگ پروگرامات پیش کیں ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تحصیل ناظم بحرین حبیب اللہ ثاقب نے کہا کہ 14اگست ہمارے لئے بے حد خوشی کا دن ہے ۔آج کے دن انگریز کی غلامی سے برصغیر کے مسلمانوں کو آزادی ملی ۔آج ہم اپنے بڑوں کی قربانیوں کی وجہ سے آزاد فضا ء میں سانس لے رہے ہیں ۔ہمیں آزادی کی قدر کرتے ہوئے اپنے ملک کی ترقی میں کردار اداکرنا چاہئے۔