سوات(زما سوات ڈاٹ کام ، تازہ ترین۔ 21 اپریل 2018ء )ممبر صوبائی اسمبلی وقاراحمدخان کی کبل پریس کلب آمد، صحافیوں کو درپیش مسائل و مشکلات معلوم کرنے کے بعد ان مسائل کوحل کرنے کی بھرپور یقین دہانی ،کبل پریس کلب انتظامیہ کی طرف سے ممبر صوبائی اسمبلی کو پریس کلب کیلئے سرکاری عمارت کی تعمیر ،صوبائی حکومت سے گرانٹ کی منظوری اور دیگر درپیش مسائل ومشکلات کے حوالے تحریری درخواستیں بھی دیدی گئیں۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ممبر صوبائی اسمبلی وقاراحمد خان کی کبل پریس کلب آمد کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ صحافی معاشرے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔صحافیوں کو درپیش مسائل و مشکلات کو اسمبلی کے فلور سمیت وزیراعلیٰ خیبرپختونخوامحمودخان کے سامنے رکھنے اور ان کے حل کیلئے اپنا بھرپور کرداراداکرتارہونگاکیونکہ صحافی معاشرے کی آنکھ ہیں اور ان کے ذریعے ہم اپنی آواز اٹھاتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ تحصیل کبل اور بالخصوص حلقہ پی کے 7شدید مشکلات میں گھراہواہے۔ٹریفک جام کامسئلہ معمول بن چکاہے۔کبل کے مقام پر دریائے سوات پر پل کی تعمیر وقت کی اہم ضرورت ہے۔ صحت کے حوالے سے کبل سول اسپتال کو ضلعی اسپتال کا درجہ دینا بھی ترجیحات میں شامل ہیں۔بجلی گریڈ سٹیشن تحصیل کبل کے عوام کا دیرینہ مسئلہ ہے۔جن کیلئے سرتوڑ کوشش کرناہمارے منصوبے میں شامل ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ ہمارے دورحکومت میں منظورشدہ منصوبے پرموجودہ حکومت جوافتتاح کرتے ہیں ہمارے لئے خوشی کاباعث ہے۔یہ میری ذاتی رائے ہے کہ ہمیں سیاست سے بالاترہوکردہشت گردی اور سیلاب سے متاثرہ علاقے بالخصوص تحصیل کبل میں جتنے بھی تعمیری اور اجتماعی منصوبے جوبھی کرے ہم انہیں خوش آمدید کہتے ہیں۔آخر میں انہوں نے تحصیل کبل کے صحافیوں کی قربانی کاتذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ یہی صحافی سوات کی تعمیروترقی میں اہم کردار اداکرتے ہیں جس پر ہمیں فخر ہے۔