سوات (زما سوات ڈاٹ کام ۔17ستمبر 2017ء )وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ آنے والے الیکشن میں جیت تحریک انصاف کی ہی ہوگی اور کوئی بھی تحریک انصاف کو ہرا نہیں سکتا،ان خیالات کااظہار انہوں نے کالام فسٹیول کے اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر ایم پی ایز،ایم این ایز،صوبائی وزراء،سرکاری افسران بھی موجود تھے، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے صوبے میں ریکارڈ ترقیاتی کام کئے ہیں ،پولیس،تعلیم اور صحت کے نظام میں واضح تبدیلی ہماری کاوشوں کا منہ بولتا ثبوت ہے،انہوں نے کہا کہ غریب لوگوں کے لئے صحت کارڈ متعارف کر کے لوگوں کو دہلیز پر مفت علاج فرام کیا اور اب تک40لاکھ70ہزار صحت کارڈ لوگوں میں تقسیم کئے گئے ہیں ،انہوں نے کہا کہ سیاحت کی فروغ کے لئے صوبائی حکومت سنجیدہ اقدامات اُٹھا رہی ہے،کالام بیوٹی فکیشن پراجیکٹ کی بدولت اس علاقے میں سیاحتی انڈسٹری اپنے پیروں پر کھڑی ہوگی جبکہ سالانہ کالام فیسٹول کے انعقاد سے سیاحت کو کافی فروغ مل رہا ہے،انہوں نے کہا کہ بحرین تا کالام مین شاہراہ کی بحالی وفاقی حکومت اور این ایچ اے کے پاس ہے اگر صوبائی حکومت کے پاس ہوتی تو کب کی تعمیر ہو چکی ہوتی، کالام شاہراہ پر تعمیراتی کام کے حوالے سے این ایچ اے نے ایک ہفتے کا وقت دیا ہے اور ممکن ہے کہ آئندہ ہفتے کالام شاہراہ کی بحالی پر کام شروع ہوسکے،انہوں نے کہ گزشتہ ادوار میں سیاسی لوگوں نے صرف وعدے کئے جبکہ ہم نے اپنے وعدوں کو عملی جامہ پہنا کر یہ ثابت کیا ہے کہ تحریک انصاف ہی غریب عوام کی نمائدہ جماعت ہے۔
اشتہار