اسلام آباد (نیوز ڈیسک)وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کو اختیار حاصل ہے کہ وہ کسی بھی وقت آرمی چیف کو عہدے سے ہٹا اور لگا سکتے ہیں،آرمی چیف کی مدت ملازمت سے متعلق عدالتی فیصلہ آئین کے خلاف ہے،بل کی حمایت میں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے،امید ہے کہ الیکشن کمیشن کے ارکان تقرر پر بھی حکومت اور اپوزیشن کے درمیان معاملات جلد طے ہو جائیں گے۔
منگل کے روز وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے آرمی ایکٹ میں ترمیمی بل کی منظوری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان آرمی چیف کو کسی بھی وقت ہٹا سکتے ہیں۔ آئین کا آرٹیکل 243وزیراعظم عمران خان کو اختیار دیتا ہے کہ وہ کسی بھی وقت کسی بھی آرمی چیف کو ہٹا سکتے ہیں یا لگا سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جس سے طرح چیف جسٹس اور دیگر اعلیٰ عہدوں کا احترام ضروری ہے اس طرح وزیراعظم پاکستان کے عہدے کا احترام بھی بہت ضروری ہے۔