افغانستان کی صورتحال کی وجہ سے چیلنجوں کے لئے پولیس تیار ہے، آئی جی پی معظم جاہ انصاری

سوات(زما سوات ڈاٹ کام) انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا معظم جاہ انصاری نے آج ضلع سوات کا دورہ کیا۔ ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ عبدالغفور آفریدی، ڈی پی او سوات دلاور خان بنگش اور دیگر اعلیٰ حکام نے ان کا استقبال کیا۔ پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی دی۔ آئی جی پی نے گرین پاکستان کے سلسلے میں ریجنل پولیس آفس مالاکنڈ میں ایک پودا بھی لگایا۔ اس موقع پر آئی جی پی نے ملاکنڈ ڈویژن کے اعلیٰ پولیس حکام کے ایک اجلاس کی صدارت کی۔ جس میں ڈی آئی جی مالاکنڈ نے امن و امان کی صورتحال اور اس سلسلے میں اٹھائے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں ڈویژن بھر کے تمام ڈی پی اوز نے شرکت کی۔ آئی جی پی نے اجلاس کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں منشیات کی لعنت سے چھٹکارہ حاصل کرنے سے نیٹ (NET) ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں اور شرکائکو ہدایت کی کہ وہ آئس اور منشیات کی بیخ کنی کے لیے زیروٹالورنس پالیسی اختیار کرتے ہوئے مشترکہ لائحہ عمل کو آگے بڑھائیں۔آئی جی پی نے عیدالالضحیٰ کے موقع پر ملک کے کونے کونے سے لاکھوں کی تعداد میں آنے والے سیاحوں کی سہولت کے لیے اٹھائے گئے پولیس اقدامات پر مالاکنڈ پولیس کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ ٹوارزم پولیسنگ کے حوالے سے مالاکنڈ پولیس کے انتظامات ہر حوالے سے قابل تحسین تھے۔ جن کو ملکی اور بین الاقوامی سطح پر سراہا گیا۔ آئی جی پی نے پولیس پر زور دیا کہ وہ لوگوں کے ساتھ اچھا رویہ اپنائیں پہلے سلام پھر کلام پر عمل پیرا ہو کر خوش اخلاقی سے لوگوں کے دلوں میں جگہ بنائیں۔ آئی جی پی نے کہا کہ تھانوں میں تعینات محرر، ٹریفک اہلکار اور چیک پوسٹوں پر ڈیوٹی انجام دینے والوں کا عوام سے رویہ مثالی ہونا چاہئے۔آئی جی پی نے موقع پر موجود سنیئر پولیس افسروں کو بھی ہدایت کی کہ وہ اپنے دروازے ماتحتوں اور عوام کے لیے ہر وقت کھلے رکھیں اور ان کے لیے آسانیاں پیدا کرتے ہوئے ان کو درپیش مسائل اور مشکلات کے حل کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اُٹھائیں۔آئی جی پی نے مالاکنڈ میں آنے والے سیاحوں کو فل پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کو یقینی بنانے کے بھی ہدایت کی۔ قبل ازیں آئی جی پی نے اپر مٹہ سوات کا دورہ کیا جہاں انہوں نے زیر تعمیر مٹہ پولیس اسٹیشن پر تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر متعلقہ حکام نے آئی جی پی کو پولیس اسٹیشن کی تعمیر کے پیش رفت اور اس میں جوانوں کے لیے ڈیوٹی، رہائشی اور دیگر سہولیات کے بارے میں آگاہ کیا۔ آئی جی پی نے متعلقہ حکام کو پولیس اسٹیشن کی تعمیر میں معیاری میٹریل استعمال کرنے اور اسے جدید دور کے تقاضوں کے عین مطابق مقررہ وقت پر بنانے اور اس میں پولیس اہلکاروں کو زندگی کے تمام سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔ دریں اثنا ءآئی جی پی نے مٹہ میں تنازعات کے حل کے کونسلوں کے ارکان کے ایک اجلاس کی صدارت بھی کی۔ پولیس افسروں اور ڈی آرسی مٹہ کے ممبران نے کثیر تعداد میں اجلاس میں شرکت کی۔ اس موقع پر آئی جی پی کو ڈی آر سی مٹہ کی کارکردگی کی تفصیلی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔ آئی جی پی نے عوام کے چھوٹے چھوٹے باہمی تنازعات اور مسائل کے حل کے لیے ان کی گران قدر خدمات کی تعریف کی۔ آئی جی پی نے کہا کہ عوام کے بھر پور اعتماد اور تعاون کی پیش نظر صوبہ بھر میں تنازعات کے حل کے کونسلوں کو مزید فعال اور مضبوط بنایا جارہا ہے۔ آئی جی پی نے سوات پولیس شہداء ورثاء سے بھی ملاقات کی اور ان کو درپیش مسائل ومشکلات سے آگاہی حاصل کی۔ آئی جی پی نے کہا کہ پولیس شہداؤں کی قربانیاں اپنی ذات یا خاندان کے لیے نہیں بلکہ ملک و قوم کی حفاظت کے لیے تھیں اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہداء کے خاندانوں کی فلاح و بہبود کو ہر چیز پر فوقیت دی جائیگی۔

IG Police KP
Comments (0)
Add Comment