سوات(زما سوات ڈاٹ کام)انسداد ڈینگی کے لئے پیشگی اقدامات کے تحت ضلع سوات میں ڈینگی سرویلنس کے ساتھ ساتھ ڈینگی کی تدارک کے لئے سٹاف کی تربیت اور عوام میں آگاہی کا سلسلہ جاری ہے، اب تک 600 سٹاف کی تربیت مکمل کرلی گئی ہے جبکہ روزانہ کی بنیاد پر سرویلنس کا سلسلہ جاری ہے، سرویلنس اقدامات کے تحت 25 یونین کونسلوں میں ایک لاکھ 23 ہزار سپاٹس میں ڈینگی لاروا کی موجودگی کا جائزہ لیا گیا ہے، سرویلنس کے دوران کہیں پر بھی ڈینگی لاروا نہیں پایا گیا۔ اسی طرح انسدادِ ڈینگی اور لاروا کے لئے ممکنہ سائٹس کو تلف کرنے اور کھڑے پانی کی موجودگی کا خاتمہ یقینی بنانے کے لئے ٹیمیں فیلڈ میں متحرک ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر ممکنہ ہاٹ سپاٹ ایریاز کا جائزہ لیا جارہا ہے جس میں میل اور فیمیل سرویلنس سٹاف حصہ لے رہے ہیں۔ ٹیموں کی کارکردگی بہتر بناتے ہوئے اب تک 12 تربیتی نشستوں کا اہتمام کیا جاچکا ہے جس میں 600 افراد نے شرکت کرتے ہوئے انسدادِ ڈینگی سے متعلق بہتر اقدامات کرنے کے مختلف طریقوں اور عوامی اگاہی مہم سے متعلق تربیت مکمل کی ہے۔ عوام میں آگاہی کے لئے آگاہی سیشنز کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف علاقوں میں خواتین و حضرات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ انسداد ڈینگی سے متعلق ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد سلیم خان کا کہنا ہے کہ امسال منظم منصوبہ بندی کی گئی ہے تاکہ ڈینگی لاروا کو ضلع میں کہیں بھی افزائش کا موقع نہ ملے۔ ان کا کہنا تھا کہ انسدادِ ڈینگی فوکل پرسن ڈاکٹر فضل عارف کی سربراہی میں ٹیمیں متحرک ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر صورت حال کا جائزہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے عوام سے ڈینگی کی تدارک کے لئے احتیاطی تدابیر اپنانے کی اپیل کی ہے۔