سوات(زما سوات ڈاٹ کام )انصاف، انسانیت اور خودداری کے اصولوں پر قائم رہنے سے ہی حقیقی معنوں میں ترقی کا حصول ممکن ہے، قانون کی حکمرانی اور پاسداری سے ہی مدینہ کی ریاست دنیا کے لئے ایک مثال بنی، وزیراعظم عمران خان کی ریاست مدینہ کے وژن کی تکمیل کے لئے آفیسرز کو عوام کے سامنے جوابدہ ہونا ہوگا اور کردار اور کارکردگی سے مثالیں قائم کرنی ہونگی، تاریخ ہمیشہ صادق و امین حکمرانوں کو یاد رکھتی ہے، سرکاری آفیسرز ایمانداری سے اگر فرائض سر انجام دیں گے تو یہ عبادت میں شمار ہوگا اور قوم ان کے کارکردگی کو ہمیشہ یاد رکھے گی اور یہی وجہ ہے کہ ملک سعد جیسے آفیسرز بھلائے نہیں بھولتے۔ ان خیالات کا اظہار وزیر زراعت و لائیو سٹاک محب اللہ خان نے مینگورہ میں آفیسرز کو ایوارڈ دینے کے لئے منعقدہ تقریب بطورِ مہمان خصوصی خطاب میں کیا۔ آفیسرز سے خطاب ں میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستانیت اور حب الوطنی کے جذبے کو ہر جگہ اجاگر کریں اور وطن عزیز کا ویسے ہی خیال رکھیں جیسے اپنے جائیداد کا خیال رکھا جاتا ہے۔ وزیر زراعت کا کہنا تھا کہ آفیسرز دکھی انسانیت کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں اور اپنے دفاتر عوام کے لئے ہمیشہ کھلے رکھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ آفیسرز اگر کارکردگی دکھائیں گے تو آنے والے نسلوں کا مستقبل روشن ہوگا۔ ولی سوات کے طرزِ حکمرانی کی مثال دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے غیر تعلیم یافتہ قوم کی ایسی ذہن سازی کی کہ ہر جگہ قانون کی بالادستی اور عملداری ہوتے ہوئے نظر آئی۔ تقریب کے اختتام پر وزیر زراعت محب اللہ خان نے آفیسرز کو ایوارڈز سے نوازا۔تقریب کا انعقاد خدمات تک رسائی کمیشن اور گورننس پالیسی پروجیکٹ نے مشترکہ طور پر کیا تھا۔ تقریب میں سہ ماہ کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر مختلف محکموں کے آفیسرز کو ایوارڈز سے نوازا گیا۔ تقریب میں چیف کمشنر خدمات تک رسائی کمیشن سلیم خان، کمشنر ملاکنڈ ڈویژن سید ظہیر الاسلام، ڈی آئی جی ملاکنڈ ڈویژن عبدالغفور آفریدی، سابقہ چیف کمشنر آر ٹی ائی عظمت حنیف اورکزئی، سیکٹری آر ٹی ایس محمد روز خان، مختلف اضلاع سے ڈپٹی کمشنروں، اور مختلف محکموں کے آفیسرز، گورننس پالیسی پروجیکٹ کے سٹاف اور ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسرز نے شرکت کی۔ تقریب میں بہترین کارکردگی پر 43 مختلف شعبوں میں آفیسرز کو ایوارڈز دیئے گئے