بحرین بازار کی بحالی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام کررہے ہیں، چیف سیکرٹری

سوات (زما سوات ڈاٹ کام) چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری نے جمعرات کے روز ضلع سوات کا اچانک دورہ کیا۔دورے کے دوران چیف سیکرٹری تحصیل بحرین گئے جہاں انہوں نے سیلاب کی وجہ سے بحرین بازار کے متاثرہ روڈ کا معائنہ کیا. اس موقع پر انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بحرین بازار روڈ کی جلد بحالی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کررہے ہیں. ان کا کہنا تھا کہ تحصیل بحرین کے عوام کو درپیش مشکلات کو دیکھتے ہوئے انہوں نے علاقے کا دورہ کیا۔ چیف سیکرٹری نے مزید کہا کہ متاثرہ علاقوں میں روڈ انفراسٹرکچر کی جلد از جلد بحالی کے لیے تمام ادارے متحرک ہیں اور جگہ جگہ ہیوی مشینری سے بحالی کا کام جاری ہے۔ انہوں نے ایک صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت دریائیسوات کا بہاؤ زیادہ ہونے کی وجہ سے دریا کے پانی کے بہاؤ کو تبدیل کرنا ممکن نہیں جس کیلئے موسم سرما تک انتظار کرنا ہوگا جبکہ روڈ کی ایریزنگ اور بحالی پر جوممکنہ کام ہے وہ تیز کیا جائے گا اس موقع پر نگران صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات محمد علی شاہ خان، سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو امتیاز علی شاہ، سیکرٹری ایریگیشن مطاہر زیب، ڈپٹی کمشنر سوات عرفان اللہ خان وزیر، ڈی پی او سوات شفیع اللہ خان گنڈاپور اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے. چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری نے بحرین بازار میں معززین علاقہ کے مسائل بھی سنے اور بحرین بازار کا دورہ کیا اور سیلاب سے متاثرہ روڈ اور مارکیٹس کا جائزہ لیا. چیف سیکرٹری نے معززین علاقہ کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ روڈ کی بحالی کیلئے مکمل فنڈ دینگے تاکہ جلدی سے ایریزنگ ہو اور آمد و رفت بحال ہوسکے انہوں نے کہا کہ بحرین بازار کی خوبصورتی اور رونقیں بحال کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائینگے۔انہوں نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ روڈ کی جلد از جلد بحالی اولین ترجیح ہے تاکہ سیاح آسانی سے سفر کرسکیں. اس موقع پر ندیم اسلم چوہدری نے بحرین کے معززین سے خطاب میں کہا کہ بحرین بازار سے ایک متبادل بائی پاس کی بھی تجویز ہے جس کے لیے منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔اس موقع پر نگران صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات محمد علی شاہ خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری کا بحرین کا دورہ کرنے اور صورتحال کا خود جائزہ لینے پر شکریہ ادا کیا.

chief secretory
Comments (0)
Add Comment