بحرین: خان آباد میں آتشزدگی، 7 گھر مکمل طور پر خاکستر، کروڑوں کا نقصان

بحرین: خان آباد میں آتشزدگی، 7 گھر مکمل طور پر خاکستر، کروڑوں کا نقصان

سوات: تحصیل بحرین کے علاقے ائن ڈیپو خان آباد میں الیکٹریکل شارٹ سرکٹ کے باعث اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں 7 مکانات مکمل طور پر جل کر راکھ ہوگئے، جبکہ 8 قریبی مکانات کو ریسکیو 1122 نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ کی لپیٹ میں آنے سے محفوظ بنا لیا۔ واقعے میں کروڑوں روپے کے مالی نقصان کی اطلاعات ہیں، تاہم کوئی جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق کنٹرول روم کو اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر محمد سعد کی ہدایت پر ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر روانہ ہوئیں، تاہم علاقے میں سڑک نہ ہونے کی وجہ سے فائر وہیکلز موقع پر نہ پہنچ سکیں۔ ریسکیو اہلکار پیدل سفر کر کے جائے وقوعہ تک پہنچے اور امدادی کارروائیاں شروع کیں۔

مقامی افراد اور ریسکیو ٹیموں کی کئی گھنٹوں کی مسلسل جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا۔ واقعے نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا، جبکہ متاثرہ خاندان کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہو گئے۔

علاقہ مکینوں نے متاثرہ خاندانوں کی فوری بحالی اور نقصانات کے ازالے کا مطالبہ کیا ہے۔