بحرین میں خونخوار “ریچھ” کا بزرگ شہری پر حملہ

(زما سوات ڈاٹ کام ، تازہ ترین۔ 15 اکتوبر2017ء)  ضلع سوات کے تحصیل بحرین کے علاقہ کیدام میں خونخوار ریچھ نے بزرگ شہری پر حملہ کرکے اسے بری طرح زخمی کردیا جسے تشویشناک حالت میں طبی امداد کےلئے پشاور منتقل کردیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ شام مقامی بزرگ صیب گل المعروف سیفور کسی کام کی غرض سے بحرین کے علاقہ کیدام گیا ہوا تھا جہاں جنگلی ریچھ نے اس پر حملہ کرکے دبوچھ لیا، واقعہ کی اطلاع ملنے پر مقامی افراد نے ریچھ کو گولیاں مار کر ہلاک کردیا اور زخمی شخص کو ابتدائی طور پر طبی امداد کےلئے سیدو شریف ہسپتال منتقل کردیا تاہم سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے ڈاکٹروں نے اسے پشاور ریفر کردیا۔

مقامی افراد کے مطابق ریچھ کے حملے میں سیفور کی ایک آنکھ ضائع ہوگئی جبکہ جسم کے دیگر حصوں میں بھی شدید گھاؤ آئے جس کی وجہ سے اس کی حالت تشویشناک ہے۔

مجروح کے رشتہ داروں نے علاقے کے ایم پی اے سے بہتر علاج اور امداد کی اپیل کی ہے دوسری جانب ریچھ کے حملے کی خبر علاقے میں جنگل میں آگ کی طرح پھیل گئی جس سے لوگوں میں شدید خوف و ہراس بھی پھیل گیا ہے۔