سوات (زما سوات ڈاٹ کام ، تازہ ترین۔ 11 دسمبر 2018ء) چیئرمین ڈیڈیک سوات فضل حکیم خان نے سنٹرل ہسپتال سیدو شریف کا دورہ کیا اور وہاں قائم بحریہ دسترخوان، سٹور روم اور کچن کا معائنہ کیا اور مریضوں کے تیمارداروں کے ساتھ دوپہر کا کھانا بھی کھایا اس موقع پر وہ لوگوں میں گھل مل گئے اور انکے مسائل دریافت کئے ڈی ایم ایس محمد سلیم خان، کیجولٹی انچارج طارق خان اور دیگر متعلقہ حکام بھی انکے ہمراہ تھے فضل حکیم خان نے مریضوں کے ساتھ آنے والے تیمار داروں سے بحریہ دسترخوان کے کھانے اور سہولیات کے حوالے سے معلومات حاصل کیں جبکہ لوگوں نے بحریہ دسترخوان کے ذریعے غرباء کو مفت کھانا فراہم کرنے پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس سلسلے میں فضل حکیم خان کی کوششوں کو سراہا اس موقع پر متعلقہ حکام نے سنٹرل ہسپتال میں بحریہ دستر خوان کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی چیئرمین ڈیڈیک نے کہا کہ بحریہ ٹاؤن انتظامیہ کے سنٹرل ہسپتال میں بحریہ دسترخوان کے فراخدلانہ اقدام کو ہم قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ان کو کسی بھی مسئلے کا سامنا ہو تو بھر پور تعاون کرینگے انہوں نے کہا کہ سوات ہم سب کا مشترکہ گھر ہے اور یہاں کی ترقی اور عوام کی سہولت کیلئے ہم مشترکہ جدوجہد کرینگے انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کی اپنی حکومت ہے ہماری حکومت قانون، میرٹ اور انصاف کی بالادستی کے علاوہ عوام کو انکے تمام حقوق لوٹانے پر یقین رکھتی ہے۔