اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ملاقات کی۔ وزیراعظم عمران خان سے محمود خان نے اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں صوبے کے سیاسی اور حکومتی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے وزیراعظم کو قبائلی اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں سے متعلق بھی آگاہ کیا اور صوبائی کابینہ کی کارکردگی کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔ وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آئی جس کے مطابق ملاقات میں وزیراعظم نے وزیراعلیٰ سے کہا کہ برطرف وزراء کو ایک موقع ضرور دیں، آپ پر کسی قسم کا کوئی دباؤ نہیں ڈالنا چاہتا مگر میں سمجھتا ہوں آپ لوگوں کے درمیان غلط فہمی ہوئی ہے، تینوں برطرف وزراء کو کابینہ میں شامل کرکے ایک بار پھر اپنی ٹیم کو مضبوط کریں۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا آپ کو بااختیار رکھنے کے لیے ہی وزراء کو برطرف کرنے کی منظوری دی تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے کہا کہ برطرف وزراء کو سمجھایا ہے کہ وزیراعلیٰ میرا نمائندہ ہے اور انہیں یہ بھی واضح طور پر بتا دیا ہے کہ آپ کو چیلنج کرنا مجھے چیلنج کرنا ہے۔ خیال رہے کہ 29 جنوری کو وزیراعظم عمران خان سے خیبرپختونخوا کابینہ کے برطرف وزراء عاطف خان اور شہرام ترکئی نے ملاقات کی تھی جس میں انہیں کابینہ میں واپسی کا عندیہ دیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں خیبرپختونخوا کابینہ کے سینیئر وزیر عاطف خان، شہرام ترکئی اور شکیل احمد کو برطرف کیا گیا تھا۔ عاطف خان کے پاس کھیل، ثقافت اور سیاحت، شہرام ترکئی کے پاس صحت کا قلمدان تھا جبکہ شکیل احمد وزیر ریونیو اور اسٹیٹ تھے۔ صوبائی وزیراطلاعات شوکت یوسفزئی نے برطرف کیے گئے وزراء پر الزام لگایا تھاکہ عاطف خان وزیراعلیٰ بننے کے لیے گروپنگ کر رہے تھے، 10 ارکان صوبائی اسمبلی ان کے ساتھ تھے، انہیں کئی مرتبہ گروپنگ سے منع کیا گیا، جب معاملہ نہیں سلجھا تو برطرف کرنا ہی آپشن تھا۔