سوات (زما سوات): بنڑ سکول کے معروف اور ہر دلعزیز استاد، بشیر احمد، 37 سالہ تدریسی خدمات کے بعد ریٹائر ہوگئے۔ بشیر احمد نے اپنی تدریسی زندگی کا زیادہ تر حصہ بنڑ سکول میں گزارا، جہاں انہوں نے ہزاروں طلبہ کی تعلیمی و اخلاقی تربیت کی اور اپنے عمل سے طلبہ کے دلوں میں خاص مقام حاصل کیا۔
بشیر احمد کا شمار نہایت شفیق اور قابل اساتذہ میں ہوتا ہے۔ انہوں نے سکول میں قدم رکھتے ہی طلبہ پر تشدد کی مخالفت کرتے ہوئے اپنی کلاس میں موجود اسٹیک کو باہر پھینک کر ایک نئی اور مثبت مثال قائم کی۔ اگرچہ ان کا بنیادی مضمون ڈرائنگ تھا، لیکن وہ ایک ماہر ڈرائنگ ماسٹر ہونے کے ساتھ ساتھ میتھس اور دیگر مضامین بھی انتہائی محنت اور لگن کے ساتھ پڑھایا کرتے تھے۔
بنڑ سکول کو حقیقی معنوں میں نمبر 1 سکول بنانے میں بشیر احمد کا کردار نمایاں رہا۔ انہوں نے ہمیشہ طلبہ کی حوصلہ افزائی کی اور ان کی قابلیت کو نکھارنے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا۔ ڈرائنگ کے میدان میں ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ انہوں نے کئی ڈرائنگ مقابلوں میں سکول کے طلبہ کو نمایاں کامیابیاں دلوائیں اور ثابت کیا کہ بنڑ سکول کے طلبہ کسی سے کم نہیں۔
اساتذہ، طلبہ، اور والدین کا کہنا ہے کہ بشیر احمد کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ وہ صرف ایک استاد نہیں بلکہ طلبہ کے لیے رہنما اور والد کی مانند تھے، جنہوں نے نہ صرف تعلیم بلکہ کردار سازی میں بھی اہم کردار ادا کیا۔
بنڑ سکول کے طلبہ اور عملے نے ریٹائرمنٹ کے موقع پر ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بشیر احمد کا خلا پر کرنا ممکن نہیں۔ ان کی شخصیت اور محنت کو ہمیشہ سنہری حروف میں یاد رکھا جائے گا۔