سوات( زما سوات ڈاٹ کام:12دسمبر2017ء)خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ اور آبنوشی شاہ فرمان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی موجودہ صوبائی حکومت کی بہتر کارکردگی کی وجہ سے لوگ تحریک انصاف میں شامل ہو رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سول سیکرٹریٹ پشاور میں سوات پریس کلب کے ایک منتخب نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، وفد میں سوات پریس کلب کے چیئر مین شہزاد عالم ، سوات یونین آف جرنلسٹس کے صدر غفور خان عادل ، سوات پریس کلب کے وائس چیئر مین فضل رحیم خان اور سوات یونین آف جرنسلٹس کے جائنٹ سیکرٹری افتخار علی شامل تھے۔ وفد نے صوبائی وزیر شاہ فرمان کو میڈیا کے معاملات اور سوات پریس کلب کے صحافیوں کو درپیش مسائل اور مشکلات سے آگاہ کیا جس پر شاہ فرمان نے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔ صوبائی وزیر نے واضح کیا کہ عام آدمی کی حالت بہتر بنانے اور حکومتی ریلیف تمام لوگوں تک پہنچانے کیلئے تمام تر اقدامات اٹھا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے مختصر وقت میں عوام کی فلاح و بہبود کیلئے جو انقلابی اقدامات اٹھائے ہوئے ہیں ماضی میں ان کی مثال نہیں ملتی۔تحریک انصاف نے حکومت اور عوام کے درمیان فاصلوں کو ختم کر دیا ہے جس سے مخالف سیاسی قوتیں خائف ہیں اور یہی وجہ ہے کہ آئندہ الیکشن میں مخالف سیاسی قوتیں تحریک انصاف کے خلاف صف بندی کر رہی ہیں لیکن عوامی قوت اور اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ان قوتوں کو شکست دینگے جو ان کا مقدر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے کرپشن کو ہمیشہ کیلئے دفن کر دیا ہے اور آئندہ الیکشن میں عوام پہلے سے زیادہ تحریک انصاف کے حق میں فیصلہ دینگے۔
اشتہار