سوات(زما سوات ڈاٹ کام) تحریک انصاف سوات کی نئی کابینہ کے اعلان کے بعد پارٹی میں اختلافات مزید بڑھ گئے اور پاٹی دھڑوں میں تقسیم ہو گئی۔پاکستان تحریک انصاف ملاکنڈ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ضلع سوات کے لئے نئی گورننگ باڈی کا اعلان کردیا گیا ہے جس کے مطابق ایم پی اے میاں شرافت علی کو صدر ،زاہد خان کو جنرل سیکرٹری اور پارٹی کے بانی کارکن حضرت رحمان ماما کو سینئر نائب صدرمنتخب کرلیا گیا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی کابینہ کے اعلان کے بعد سوات میں پارٹی دو گروپوں میں تقسیم ہو گئی ہیں اور اُن کے اختلافات میں کمی آنے کے برعکس مزید بڑھ گئے ہیں ۔ایک گروپ ایم پی اے عزیز اللہ گران اور دوسرا ایم پی اے فضل حکیم جو میاں شرافت علی کی حمایت بھی کر رہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عزیز اللہ گران اور ان کے حمایتی کارکنان کو نئی کابینہ میں نظر انداز کرنے کے بعد اختلافات مزید بڑھ گئے ہیں۔