سوات (زما سوات ڈاٹ کام ، 04 ستمبر 2018ء) تحصیل کونسل بابوزئ کا بجٹ اجلاس، بجٹ پر اپوزیشن کے تحفظات برقرار ، کونسل میں بجٹ منظور نہ ہو سکا۔ گذشتہ روز تحصیل کونسل بابوزئ کے بجٹ کا اجلاس زیر صدارت کنوینیر تحصیل نائب ناظم فضل حمید خان منعقد ہوا جس میں ٹی ایم او اور دیگرآفیسرز شریک ہوئے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے تحصیل ناظم اکرام خان نے کہا کہ اپوزیشن کے بجٹ میں جن شقوں پر تحفظات ہیں، انہیں دور کیا جائے گا۔ غیر ترقیاتی بجٹ میں تیس فیصد ترقیاتی کاموں کی وضاحت کی جائے گی۔ تحصیل ناظم اکرام خان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ اپوزیشن لیڈر شاہد علی خان، پی ٹی آئی کے تحصیل کونسلر عدنان خان، علی محمد خان اور دیگر کو مطمئن کریں۔ انہوں نے کہا کہ قانون اور آئین کے مطابق کونسل میں بجٹ تیارکیا ہے۔ بجٹ پاس نہ ہونے کی صورت میں اسے صوبائی حکومت کے پاس بھیجیں گے جس پر آگے کی کارروائی حکومت کرے گی۔ اپوزیشن لیڈر شاہد علی خان نے کونسل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ پر اب بھی تحفظات ہیں۔ غیر ترقیاتی بجٹ میں ترقیاتی کاموں کا ذکر ہے، ہم مطمئن نہیں۔ لہٰذا ہم کونسل میں بجٹ کی منظوری نہیں دے سکتے۔