سوات(زما سوات ڈاٹ کام۔30جولائی2017ء)جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ پاکستان کے عوام سیکولر پارٹیوں سے تنگ آچکے ہیں۔جماعت اسلامی آئندہ الیکشن کے حوالے سے دینی جماعتوں کا اتحاد چاہتی ہے۔جمعیت علمائے اسلام (ف) بھی اس سلسلے میں اپنے قدموں کو آگے بڑھائے تاکہ دینی جماعتوں کا اتحاد ممکن ہوسکے۔پاکستان میں عدلیہ اور دیگر اداروں کی مضبوطی سے ملک دشمن قوتوں کے عزائم کو ناکام بنایاجاسکتاہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزجماعت اسلامی پنجاب کے زیر اہتمام سنگوٹہ سوات میں صوبائی ذمہ داران کی تربیت گاہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ انشاء اللہ دینی جماعتوں کا اتحاد بننے سے خیبرپختونخواہ، کراچی ،حیدرآباداور صوبہ پنجاب میں بھی خاصی بہتری آئے گی اور دینی جماعتوں کوکامیابی ملے گی۔انہوں نے کہاکہ ہم اللہ تعالیٰ کا شکر اداکرتے ہیں پانامالیکس،دبئی لیکس،ملکی قرضے معاف کرانے والوں اور نیب کے پاس میگااسکینڈلز میں جماعت اسلامی یاکسی بھی دینی جماعت کے کسی فرد کا نام شامل نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ آئندہ الیکشن کے لیے جماعت اسلامی کی ہر سطح کی قیادت کو عوام کے ساتھ اپنا رشتہ مضبوط کرنا ہوگا۔عام لوگوں کے مسائل حل کرنے کے لیے ہمیں اپنا کردار اداکرنا چاہئے۔جماعت اسلامی قیام پاکستان سے مسلسل جدوجہد کررہی ہے۔قراردادمقاصد بھی جماعت اسلامی کی کاوشوں سے منظور ہوئی تھی۔جمہوریت کی بحالی کے لیے بھی ہمیشہ جماعت نے اہم کردار اداکیا ہے اور پُرامن جمہوری جدوجہد کے ذریعے ماضی میں آمریتوں کو بھی سرنگوں کیا۔انہوں نے کہاکہ پانامالیکس پر دوٹوک اورجاندار فیصلہ آیاہے۔پوری قوم عدلیہ کے ساتھ کھڑی ہے۔جماعت اسلامی نے عدلیہ کی بحالی کی تحریک میں نمایاں کردار اداکیا تھا۔اب بھی ہم سمجھتے ہیں کہ عدلیہ کے ادارے کومستحکم کرنے کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو مل کرجدوجہد کرنی چاہئے۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے تربیت گاہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ اپنے مثبت کردار کو اداکرتے ہوئے عوامی ایشوز کو اجاگر کیا ہے۔جماعت اسلامی کی کرپشن فری پاکستان تحریک الحمدللہ کامیابی سے ہمکنار ہوئی ہے۔ہم ملک میں موجودتمام کرپٹ عناصر کا احتساب چاہتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اگر الیکشن کمیشن62اور63کے حوالے سے اپنی آئینی ذمہ داری پہلے اداکرتاتو آج ملک میں سیاسی افراتفری کاعالم نہ ہوتا۔موجودہ سیاسی صورتحال کے پیش نظر تمام افرادکو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی موروثیت سے پاک جماعت ہے۔ہمارے مختلف ادوار میں کامیاب ہوکر اسمبلیوں میں جانے والے افراد کا دامن صاف ستھرا ہے۔ہمارے نمائندوں نے ذات پات سے بالاترہوکر ملک وقوم کی فلاح وبہبود کے لیے کام کیا۔انہوں نے کہاکہ اب وقت آگیا ہے کہ پاکستان کو صحیح اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے کام کیا جائے۔موجودہ حکمرانوں نے لوٹ مار کے سوا کچھ نہیں کیا۔عوام کے مسائل جوں کے توں ہی ہیں۔ اس موقع پر صوبائی جنرل سیکرٹری عبدالواسع ، امیر جماعت اسلامی ضلع سوات محمدامین اور دیگر بھی موجود تھے۔
اشتہار