سوات (زما سوات ڈاٹ کام ، تازہ ترین۔ 08 مئی 2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما شہزادہ میانگل شہریار امیرزیب نے کہا ہے کہ سوات میں تبدیلی کے بجائے کھنڈر نما سڑکیں اورگندگی کے ڈھیر نظر آرہے ہیں۔ خوبصورتی مہم کا ڈھنڈورا پیٹنے والے کبھی ہسپتال کا رخ کریں۔ سوشل میڈیا کی ترقی میں سوات کا موازنہ پیرس جیسے شہروں سے کیا جارہا ہے جبکہ زمینی حقائق اس کے برعکس ہیں۔ اوڈیگرام میں شمولیتی اجتماع سے اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ سوات کے عوام مزید ان دعوؤں اور وعدوں پر دھوکا نہ ہوں، موجودہ صوبائی حکومت تعلیم کے حوالے سے بلند بانگ دعوے کررہی ہے، مگر اس حقیقت کو کب تسلیم کرے گی کہ سوات میں گذشتہ تین سالوں کے دوران میں کتنے طلبہ کالجوں کی کمی کے باعث داخلوں سے رہ گئے ہیں۔