خیبرپختونخوا حکومت کا نگران دور میں بھرتی ملازمین کو فارغ کرنے کا فیصلہ

پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے نگران دور میں بھرتی ہونے والے سرکاری ملازمین کو فارغ کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے۔ اس حوالے سے خیبرپختونخوا ملازمین بل 2025 (سروسز سے ہٹانا) تیار کر کے اسمبلی ایجنڈے میں شامل کیا گیا ہے۔

مجوزہ بل کے تحت صرف 22 جنوری 2023 سے 29 فروری 2024 کے دوران کی جانے والی بھرتیوں پر اطلاق ہوگا، تاہم اولاد اور اقلیتی کوٹہ سمیت پبلک سروس کمیشن کے ذریعے بھرتی ہونے والے ملازمین کو استثنیٰ حاصل ہوگا۔

بل کے مطابق نگران دور میں بھرتیوں کو غیرقانونی قرار دینے اور انہیں ختم کرنے کے لیے ایک 7 رکنی کمیٹی تشکیل دی جائے گی، جس کی سربراہی سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ کریں گے۔ یہ کمیٹی ان بھرتیوں کے جائزے اور فیصلے کے حوالے سے حتمی اختیارات رکھتی ہے۔

ذرائع کے مطابق تمام سرکاری اداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ نگران دور کی بھرتیوں کے بارے میں 30 دن کے اندر رپورٹ تیار کر کے فراہم کریں۔ حکومت کے مطابق اس اقدام کا مقصد نگران دور کی ممکنہ غیرقانونی بھرتیوں کو ختم کر کے حکومتی وسائل کا مؤثر استعمال یقینی بنانا ہے۔