پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے صحت کارڈ پلس میں مفت او پی ڈی سہولت شامل کر دی، جس کا باضابطہ افتتاح کر دیا گیا۔ پہلے مرحلے میں یہ سہولت ضلع مردان میں متعارف کرائی گئی ہے، جہاں 50 ہزار مستحق خاندانوں کو طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ حکام کے مطابق، اگلے مرحلے میں چترال، ملاکنڈ اور کوہاٹ میں بھی یہ سروس شروع کی جائے گی۔
او پی ڈی سروس کے تحت مریضوں کو مفت ادویات، طبی معائنے اور دیگر ضروری سہولیات دی جائیں گی۔ سرکاری ذرائع کے مطابق، اس اسکیم کو جرمن تنظیم کے ایف ڈبلیو کے تعاون سے بطور پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا جا رہا ہے، جسے مستقبل میں پورے صوبے تک توسیع دی جائے گی۔
یہ سہولت صحت کارڈ پینل میں شامل اسپتالوں کے علاوہ یونین کونسل کی سطح پر بنیادی مراکز صحت (BHU) اور دیہی مراکز صحت (RHC) میں بھی فراہم کی جائے گی، تاکہ شہریوں کو طبی سہولیات تک آسان رسائی حاصل ہو۔ حکومتی ترجمان کے مطابق، اس منصوبے کا مقصد عوام کو بہتر اور مفت علاج کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔