پشاور(ویب ڈیسک) ڈائریکٹر پبلک ہیلتھ خیبرپختونخوا ڈاکٹر اکرام اللہ بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہو گئے۔ وزیر صحت خیبرپختونخوا تیمور خان جھگڑا نے ٹوئٹر پر تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ آج ہماری کووڈ 19 رسپانس ٹیم کے سربراہ اور ڈائریکٹر پبلک ہیلتھ کے پی ڈاکٹر اکرام اللہ کا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس کے بعد انہوں نے گھر میں ہی قرنطینہ اختیار کر لیا ہے۔
وزیر صحت کے پی نے کہا کہ میں نے ان کی خیریت دریافت کی ہے وہ اب آئسولیشن میں ہیں تاکہ دیگر اسٹاف ممبر محفوظ رہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر اکرام کورونا کے خلاف جنگ میں ہمارے ہیرو ہیں اور ان کی اجازت سے ہی سب کو اس حوالے سے آگاہ کیا جا رہا ہے۔ خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کیسز کی تعداد روزبروز بڑھتی جا رہی ہے جس میں ڈاکٹرز سمیت طبی عملہ بھی شامل ہے، اب تک متاثرین کی تعداد 5400 سے زائد ہو چکی ہے جب کہ ہلاکتوں کی تعداد 94 ہو گئی ہے۔