پشاور(ویب ڈیسک) مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا اجمل وزیر نے بتایا ہے کہ صوبے کے مختلف اضلاع میں 235 علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا اجمل وزیر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے کہنے پر اسمارٹ لاک ڈاؤن حکمت عملی پر تیزی سے کام کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جن علاقوں میں کورونا کیسز زیادہ رپورٹ ہوئے ہیں وہاں اسمارٹ لاک ڈاؤن کیا ہے اور ان علاقوں کی تعداد مجموعی طور پر 235 ہے۔ مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا نے بتایا کہ کورونا کے آغاز پر ٹیسٹنگ صلاحیت 20 تھی اور آج ہم روزانہ کی بنیاد پر 3500ٹیسٹ کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ خیبر پختونخوا میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 23887 جب کہ صوبے میں 869 افراد بھی انتقال کر چکے ہیں۔