پشاور(ویب ڈیسک) خیبر پختون خوا کے میدانی اور بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ پشاور میں گزشتہ رات سے بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جب کہ خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں سوات، دیر لوئر، دیر بالا ، بونیر اور چترال میں شدید برفباری کا سلسلہ رات بھر جاری رہا۔ لواری ٹنل سمیت چترال شہر کوآنے والے تمام راستے بند ہیں جب کہ بجلی کا نظام بھی درہم برہم ہے۔
لواری ٹنل پر اب تک 30 انچ اور یارخون میں 15 انچ برف ریکارڈ کی گئی ہے۔ کالاش ویلی ، گولین، شیشی کوہ اور گرم چشمہ میں بھی برف باری ہوئی ہے۔ کالاش ویلی میں زیادہ برفباری پر روایتی کھیل اسنو گاف کے کھلاڑی خوش ہیں ۔ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے الرٹ رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش اور برفباری کا سلسلہ آج بھی ہونے کا امکان ہے تاہم بارش کے باعث کالام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4 ، مالام جبہ منفی 3، دیر منفی 2 جب کہ چترال منفی ایک ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ ریلیف کی رپورٹ کے مطابق حالیہ برفباری کے دوران اب تک مالم جبہ میں 14، استور میں 13، اسکردو میں 9 اور پاڑہ چنار میں 5 انچ برف پڑ چکی ہے برف باری کے باعث پہاڑی علاقوں میں سڑکیں بند ہوچکی ہیں۔