سوات(زما سوات ڈاٹ کام) درگئی بازار میں ڈکیتی کی واردات،ڈویژن بھر کے تاجروں میں شدید غم و غصہ، ملوث افراد کی گرفتاری کا مطالبہ، دن کی روشنی میں میگا مارٹ میں ڈکیت گروہ کے منظم کارروائی پر تاجر برادری ملاکنڈ ڈویژن کے صدر عبدالرحیم نے سوالات اُٹھا دئیے، منظم ڈکیت گروہ کے افراد کو فوری طور پر گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے، واقعہ مقامی انتظامیہ کیلئے لمحہ فکریہ اور ان کی کارکردگی پر سوالیہ نشان قرار دیدیا گیا، تفصیلات کے مطابق درگئی بازار میں دن کی روشنی میں میگا مارٹ میں منظم ڈکیت گروپ کی ڈکیتی کی واردات کے خلاف تاجر برادری ملاکنڈ ڈویژن میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے ملاکنڈ ڈویژن ٹریڈرز فیڈریشن کے صدر عبدالرحیم اور جنرل سیکرٹری زوار خان نے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ایسے ایک بزدلانہ اقدام قرار دیا ہے میڈیا کے نمائندوں سے باتیں کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر حاجی گوہر گھی ڈیلر کی ڈکیتی کا واقعہ انجام تک پہنچ جاتا تو آج یہ واقعہ پیش نہ آتا انہوں نے کہا کہ دن دیہاڑے درگئی بازار میں میگا مارٹ میں منظم ڈکیت گروہ کی طرف سے ڈکیتی کا واقعہ پیش آنا مقامی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کیلئے لمحہ فکریہ ہے بلکہ ان کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے انہوں نے کہا کہ اس بزدلانہ واقعہ کی وجہ سے پورے ملاکنڈ ڈویژن کے تاجر برادری میں شدید ردعمل کا اظہار کیا جا رہا ہے انہوں نے پر زور مطالبہ کیا ہے کہ اس واقعہ میں ملوث افراد کو فوری طور پر گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے تاکہ تاجروں میں پائی جانیوالی تشویش ختم ہو سکے انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ذمہ داروں اور متعلقہ حکام کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے لوگوں کی جان و مال، عزت و آبرو کے تحفظ کیلئے تمام تر اقدامات اُٹھانا ہونگے ملاکنڈ ڈویژن کے تاجر برادری کے کاروبار کو تحفظ فراہم کرنا انتظامیہ اور متعلقہ حکام کی ذمہ داری ہے حاجی گوہر گھی ڈیلر کی ڈکیتی کے واقعہ کو انجام تک پہنچایا گیا ہوتا تو آج درگئی بازار میں یہ واقعہ پیش نہ آتا ملزمان کو گرفتار کرکے انہیں انصاف کے کٹہرے پر لا کھڑا کیا جائے۔