سوات: ڈپٹی کمشنر سوات شہزاد محبوب کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر بابوزئی محمد جواد آصف نے رات کے وقت دریائے سوات میں جاری غیر قانونی کھدائی کے خلاف ایک مؤثر کارروائی کی۔ اس اچانک معائنے کا مقصد دریائے سوات کو غیر قانونی سرگرمیوں سے بچانا اور عوامی وسائل کا تحفظ یقینی بنانا تھا۔
کارروائی کے دوران غیر قانونی کھدائی میں استعمال ہونے والی ایکسکیویٹر مشینوں سے بیٹریاں نکال کر ضبط کر لی گئیں۔ اس کے علاوہ، غیر قانونی کھدائی میں ملوث افراد کو موقع پر گرفتار کر کے جیل منتقل کر دیا گیا۔
ضلعی انتظامیہ سوات نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ عوامی وسائل کو نقصان پہنچانے اور ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔ عوام نے اس کارروائی کو سراہا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ دریائے سوات کی حفاظت کے لیے ایسے اقدامات تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گے۔