دریائے سوات میں غیر قانونی کھدائی کے خلاف کارروائی، 5 افراد گرفتار

سوات کی ضلعی انتظامیہ نے عوامی وسائل کے تحفظ اور ماحولیات کی بقا کے لیے غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف سخت اقدامات جاری رکھے ہیں۔ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر بابوزئی آفتاب عالم نے تختہ بند کے علاقے میں دریائے سوات میں رات کے وقت غیر قانونی کھدائی کے خلاف اچانک کارروائی کی۔

کارروائی کے دوران غیر قانونی کھدائی میں استعمال ہونے والے 2 ایکسکویٹرز اور 2 ٹریکٹرز تحویل میں لے لیے گئے، جبکہ 5 افراد کو موقع پر گرفتار کرکے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ مزید برآں، متعلقہ ایس ایچ او کو ان افراد کے خلاف قانون کے مطابق مقدمات درج کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

ضلعی انتظامیہ سوات نے واضح کیا ہے کہ عوامی وسائل کے غیر قانونی استعمال اور ماحولیات کو نقصان پہنچانے والی سرگرمیوں کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔ انتظامیہ نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اس قسم کی غیر قانونی سرگرمیوں کی فوری اطلاع دے کر انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔