سوات: دریائے سوات کی اطراف ریور بیڈ اور دریا کی حدود کے اندر تجاوزات کے خلاف مہم کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس کمشنر آفس سیدو شریف میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت کمشنر ملاکنڈ ڈویژن سید ظہیر الاسلام نے کی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سوات جنید خان، ڈپٹی کمشنر ملاکنڈ الطاف احمد شیخ، ڈپٹی کمشنر دیر لوئر اعون حیدر، ضلع سوات کے اسسٹنٹ کمشنرز، تحصیل میونسپل آفیسرز اور محکمہ ایریگیشن کے حکام شریک ہوئے۔ اجلاس میں دریائے سوات کی اطراف ریور بیڈ اور حدود کے اندر تجاوزات کے خلاف جاری مہم کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ محکمہ ایریگیشن، متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز کی جانب سے اجلاس کو پیشرفت، مسائل اور آئندہ کے لائحہ عمل سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کمشنر ملاکنڈ ڈویژن سید ظہیر الاسلام نے متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز، تحصیل میونسپل آفیسرز اور ایس ڈی او اور ایکسین ایریگیشن کو تین دن کے اندر اندر دوبارہ مارکنگ کرنے اور تجاوزات کے بارے میں مفصل رپورٹ جمع کرنے کے احکامات جاری کئے۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن کا ہٹائی گئی تجاوزات دوبارہ تعمیر ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے تعمیرات کو دوبارہ گرانے کے احکامات جاری کئے۔ ان کا کہنا تھا کہ تجاوزات کے خلاف مہم میں غیر قانونی تعمیرات گرائی گئی تھیں جو کہ بعض جگہوں پر دوبارہ تعمیر کی گء ہیں، ایسی تعمیرات کو فوراً گرایا جائے اور رپورٹ پیش کی جائے۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن سید ظہیر الاسلام کا کہنا تھا کہ باقی ماندہ غیر قانونی تعمیرات جن کی نشاندہی کرلی گئی تھی ان کو ہٹانے کے لئے کارروائی فوراً شروع کی جائے۔ انہوں نے سٹیں آرڈر لینے والوں کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کے بھی احکامات جاری کئے۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن کا کہنا تھا کہ مارکنگ کے عمل سے لیکر تجاوزات کے خاتمے تک نہ ہی کسی کے ساتھ رعایت برتی جائے اور نہ ہی کسی کے ساتھ زیادتی ہونی چاہئے۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام عمل شفاف طریقے سے سر انجام دیاجائے