سوات(زما سوات ڈاٹ کام) مینگورہ کے علاقہ رحیم آباد کی پہاڑی میں نوجوان کی لاش برآمد کی گئی،پولیس نے چند گھنٹوں کے اندر اندر ملزم کو گرفتار کرلیا۔پولیس ذرائع کے مطابق آج منگل کے روز تھانہ رحیم آباد وپولیس کو اطلاع ملی تھی کہ رحیم آباد کے پہاڑی علاقے میں ایک جوان کی نعش پڑی ہے، ایس ایچ اُو تھانہ رحیم آباد آیاز خان، انوسٹی گیشن سٹاف اور پولیس پر مشتمل ٹیم فوری طور جائے وقوعہ پہنچ گئی اور انوسٹی گیشن ٹیم کے ہمراہ جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کئے گئے، جائے وقوعہ سے ایک عدد پستول اور کارتوس بھی برآمد کرلی۔ نعش کے بارے میں معلومات کرتے ہوئے مسمی شتمند ولد بونیرے سکنہ محلہ بخت مند رحیم آباد نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ میرا بیٹا عابد علی ہے جو کل شام سےگھر واپس نہیں آیا تھا۔
ضلعی پولیس سربراہ دلاور خان بنگش نے فوری طور پر ایس پی لوئر سوات شاہ حسن، ڈی ایس پی سٹی پیر سید خان اور ایس ایچ اُو تھانہ رحیم آباد آیاز خان کو جلد از جلد اصل ملزم کو ٹریس کرنے کا ٹاسک سونپ دیا، ایس ایچ اُو تھانہ رحیم آباد کی نگرانی میں پولیس ٹیم نے کاروائی کرتے ہوئے چند گھنٹوں کے اندر اندر ملزم حماد خان ولد محمدسلام سکنہ محلہ بخت مند خان رحیم آباد کو گرفتار کر لیا۔پولیس کے مطابق مقتول اور قاتل اچھے دوست تھے اور کچھ عرصہ قبل کسی مسلے پر دونوں کی دوستی ختم ہو گئی تھی۔