لاہور(ویب ڈیسک) سوئی نادرن نے رحیم یارخان میں گیس پائپ لانے میں آگ لگنے کے واقعے کو دہشت گردی قرار دے دیا۔ ایم ڈی سوئی ناردرن سہیل گلزار نے کہا کہ گیس پائپ لائن کو دہشت گردوں نےاڑایا اور منصوبہ بندی سے پیک آورز میں ٹائم ڈیوائس سے پائپ لائن کو اڑایا گیا۔ ایم ڈی کا کہنا تھا کہ چھان بین کے بعد نقصان کا اندازہ لگایا جاسکے گا، ٹیمیں موقع پر پہنچ گئی ہیں لیکن بحالی کا کام ابھی شروع نہیں ہوا، سیکیورٹی ایجنسیز کی جانب سےکلیئرنس کا انتظار ہے۔ ایم ڈی سوئی ناردرن نے مزید کہا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کوگیس پریشر میں کوئی تعطل نہیں آیا، تمام سیکٹر کو متبادل لوپ سے 175 ملین کیو بک فٹ گیس دے رہے ہیں۔
10 سے 12 کلو مواد استعمال کیا گیا: سی ٹی ڈی
سی ٹی ڈی انچارج کے مطابق رحیم یار خان کے قریب گیس پائپ لائن میں دھماکے کے لیے 10 سے 12 کلو وزنی دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا ہے۔ سی ٹی ڈی انچارج نے بتایا کہ واقعےکا مقدمہ دہشت گردی ایکٹ کے تحت درج کیا جارہاہے۔ دوسری جانب سینئر جنرل مینیجر سوئی ناردرن نے بتایا کہ گیس کی سپلائی متبادل پائپ لائن سے بحال کردی گئی ہے، قادرپور سے متبادل پائپ لائن کے ذریعے گیس سپلائی جاری ہے، متاثرہ پائپ لائن کی مرمت کا کام جلد شروع کیا جائے گا۔ واضح رہےکہ گزشتہ روز رحیم یار خان کے قریب نواز آباد میں 36 انچ قطر کی گیس پائپ لائن میں لیکیج کے بعدآگ لگنے کا واقعہ پیش آیا تھا۔