سوات(زما سوات ڈاٹ کام) یوکرائن پر روس کا حملہ، سوات کے تیس سے زائد طلباء محصور،سفارتخانے سے رابطہ بھی منقطع، ذرائع کے مطابق روس کی جانب سے یوکرائن پر حملے کے بعد یوکرائن میں سوات کے30 سے زائد میڈکل کے طالب علم بھی محصور ہو گئے ہیں اور کی جانوں کو خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔متاثرہ طلباء میں سید زبیر علی شاہ،احمد علی،زیب عالم خان،نوید عالم ،مدثر علی اوردیگر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم یہاں پر میڈیکل کے طالب علم ہیں اور ہم یہاں پر لڑائی کی وجہ سے محصور ہو گئے ہیں۔اپنے فلیٹس اور مختلف جگہوں تک محصور ہو چکے ہیں، انہوں نے کہا کہ یہاں پر نہ ٹرانسپورٹ کی سہولت ہے اور نہ کھانے پینے کی اشیاء کا بندوبست ہیں جبکہ ہمارے پاس پیسے بھی ختم ہو گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بار بار پاکستانی سفارتخانے سے رابطہ کر رہے ہیں لیکن ان کی جانب سے کوئی جواب نہیں مل رہاہے، انہوں نے کہا کہ سفارتخانے کی جانب سے ہمیں دور دراز علاقوں میں آنے کی ہدایات کی جاتی ہے،لیکن ٹرانسپورٹ کی سہولت نہ ہونے کی وجہ سے ہم اُن شہروں تک نہیں پہنچ سکتے،انہوں نے کہا کہ یوکرائن کے ارد گرد ممالک نے اپنے بارڈر پناہ گزینوں کے لئے کھول دئے ہیں لیکن ہماری وہاں تک رسائی ممکن نہیں۔انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ اُن کی بحفاظت نکالنے کے لئے اقدامات اُٹھائیں جائیں۔