سوات(زما سوات ڈاٹ کام )ماہ جون کے لئے ریسکیو 1122 سوات نے اپنی کارکردگی رپورٹ جاری کی ہے اور کہا ہے کہ گزشتہ ماہ دیگر ایمرجنسیز کے ساتھ ساتھ کویڈ۔19 میں بھی فرنٹ لائن پر خدمات سر انجام دیئے گئے ہیں جن میں 27 کرونا کے مثبت اور مشتبہ مریضوں کو مکمل ایس او پیز کیساتھ ہسپتالوں اور قرنطینہ سینٹرز منتقل کیا گیا۔ ریسکیو 1122 سوات کی ترجمان شفیقہ گل کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق ریسکیو 1122 سوات نے جون کے مہینے میں مجموعی طور پر 1388مختلف نوعیت کے ایمرجنسیز میں خدمات سر انجام دیں جس میں سب سے زیادہ خدمات طبی شعبے میں دی گئی جن کی تعداد 1097 ہیں۔اس کے علاوہ 140 ٹریفک حادثات، 79 آتشزدگیاں، 17 گولی لگنے کے واقعات، 07 پانی میں ڈوبنے کے واقعات، 01 چھت گرنے کا واقعہ اور 24 دیگر متفرق واقعات میں بھی خدمات سرانجام دئیے۔ ریسکیو 1122 سوات نے مجموعی طور پر 1425افراد کو بچانے کی کوشش کی جن میں 1290افرادکو مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا، 135 افراد کو موقع پر ہی طبی سہولیات فراہم کی گئیں جبکہ 16 افراد موقع پر ہی مختلف حادثات میں جان بحق ہو گئے تھے جس کے لئے بھی سروس مہیا کی گئی۔ ترجمان سوات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر خطیر احمد کی ہدایت پر اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر سوات انجینئر ملک شیر دل خان کے سربراہی میں ریسکیو 1122 سوات کا عملہ 24 گھنٹے ہمہ وقت عوام کی ہر قسم ممکنہ خدمت کے لئے تیار ہے۔