زکوٰۃ و عشر سوات کے زیر اہتمام این جی اوز کا اجلاس، اجتماعی شادیوں اور رمضان پیکج پر اہم فیصلے

سوات: ڈسٹرکٹ چیئرمین زکوٰۃ و عشر سوات، ملک آصف علی شہزاد کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس کے کانفرنس روم میں نان گورنمنٹ آرگنائزیشنز (این جی اوز) کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریلیف سوات احسان، محکمہ زکوٰۃ و عشر، سوشل ویلفیئر، پاکستان بیت المال، ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ، ایس آر ایس پی، لاسونہ، ایس آر آئی، آئیڈیا، پی آر سی پی ایس، اسلامک ریلیف، قطر چیریٹی، اور سوات کے دیگر متعلقہ محکموں اور تنظیموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔

اجلاس کا بنیادی مقصد اجتماعی شادیوں، رمضان پیکج، اور رمضان دسترخوان کے سلسلے میں این جی اوز اور سرکاری محکموں کے درمیان تعاون کو یقینی بنانا تھا۔ اس موقع پر تمام تنظیموں نے اپنے جاری منصوبوں اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں مستحقین کے لیے فلاحی منصوبوں اور دیگر ترقیاتی کاموں کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ چیئرمین زکوٰۃ و عشر، ملک آصف علی شہزاد نے کہا کہ این جی اوز اور سرکاری محکمے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے بہترین خدمات انجام دے رہے ہیں، اور ان کا تعاون حکومتی منصوبوں کی کامیابی کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اجتماعی شادیوں کی تیاریوں کا عمل جاری ہے، جس میں صوبائی حکومت کے اقدامات کے تحت غرباء اور مستحقین کو بھرپور سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

ملک آصف علی شہزاد نے کہا کہ نان گورنمنٹ آرگنائزیشنز عوامی خدمت کے میدان میں لائق تحسین کردار ادا کر رہی ہیں، اور امید ہے کہ وہ اجتماعی شادیوں اور رمضان پیکج جیسے حکومتی اقدامات کی کامیابی کے لیے بھرپور تعاون فراہم کریں گی۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کا پیسہ امانت ہے اور یہ رقم عوامی مشاورت سے مستحق افراد پر خرچ کی جائے گی، تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد ان اقدامات سے فائدہ اٹھا سکیں۔

اجلاس کے دوران شریک این جی اوز نے اجتماعی شادیوں اور رمضان دسترخوان کے حوالے سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ عوامی فلاح کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھائیں گے۔