سابقہ ایم ایس سیدو گروپ آف ٹیچنگ ہسپیٹلز پر مبینہ کرپشن کے الزامات ، جرم ثابت ہونے سے پہلے میڈیا ٹرائل صحافتی اقدار پر سوالیہ نشان

سوات: زرائع کیمطابق سابق میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سیدو گروپ آف ٹیچنگ ہسپیٹلز، ڈاکٹر ضیاء اللہ کو محکمہ اینٹی کرپشن نے کرپشن کے الزامات کے تحت گرفتار کر لیا۔ تاہم ان کی گرفتاری کے فوراً بعد میڈیا میں ان کے خلاف کردار کشی کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، جس پر صحافتی اقدار اور غیرجانبداری پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔

ذرائع کے مطابق مختلف میڈیا پلیٹ فارمز نے ڈاکٹر ضیاء اللہ کی تصاویر اور خبریں شائع کی ہیں، جن میں ان پر لگے الزامات کو بغیر تصدیق اور ان کا موقف لیے پیش کیا جا رہا ہے۔ یاد رہے کہ ڈاکٹر ضیاء اللہ پر کرپشن کے الزامات ابھی عدالت میں ثابت ہونا باقی ہیں، لیکن ان کے خلاف جاری میڈیا مہم نے کئی حلقوں میں تشویش پیدا کر دی ہے۔

صحافتی ماہرین کا کہنا ہے کہ کسی بھی شخص پر الزامات ثابت ہونے سے قبل اس کے خلاف میڈیا ٹرائل کرنا صحافتی اصولوں اور اخلاقیات کے خلاف ہے۔ اس معاملے پر سوات کے مختلف حلقوں کی جانب سے یہ مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ میڈیا اپنی ذمہ داری کا مظاہرہ کرے اور کسی کے بھی خلاف خبر شائع کرتے وقت ان کا موقف بھی شامل کرے تاکہ انصاف کے تقاضے پورے ہو سکیں۔

ڈاکٹر ضیاء اللہ کے اہل خانہ اور قریبی ذرائع نے میڈیا سے اپیل کی ہے کہ وہ معاملے کی حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے غیرجانبدارانہ رپورٹنگ کریں اور عدالت کے فیصلے کا انتظار کریں۔