سابق وی ڈی سی ممبر مفتاح الدین کے قتل میں ملوث ملزم گرفتار

سوات : سوات پولیس نے سابق وی ڈی سی ممبر مفتاح الدین کے قتل میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے آلۂ قتل پستول بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق 4 نومبر 2025 کو تھانہ کانجو کی حدود میں شہید بابا گورنمنٹ پرائمری سکول کے قریب نامعلوم ملزم نے سابق وی ڈی سی ممبر مفتاح الدین کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا اور موقع سے فرار ہو گیا تھا۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔

پولیس اور کاونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے افسران جائے وقوعہ پر پہنچے اور شواہد اکھٹے کر کے نامعلوم ملزم کے خلاف مقدمہ درج کیا۔ تفتیش کے دوران سی سی ٹی وی فوٹیج، ٹیکنیکل شواہد اور انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔

دورانِ تفتیش ملزم محمد بادشاہ ولد بحری بوستان ساکن تھیلی آباد کانجو نے اعترافِ جرم کرتے ہوئے بتایا کہ مقتول کے ساتھ مالی لین دین کا تنازع تھا۔ ملزم کے مطابق مقتول نے مرغ فروش انور خان کو دیے گئے ایک لاکھ چھیاسی ہزار روپے ادا نہیں کیے تھے، جس پر اس نے اشتعال میں آ کر فائرنگ کر دی۔

پولیس کے مطابق ملزم کی نشاندہی پر قتل میں استعمال ہونے والا 9 ایم ایم پستول بھی برآمد کر لیا گیا ہے، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔