سوات (زما سوات ڈاٹ کام ، تازہ ترین۔ 08 دسمبر 2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور سابق صوبائی وزیر میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ سلیکڈڈ وزیر اعظم اور ان کی ٹیم میں ملک چلانے کی صلاحیت موجود نہیں ،عوام کمر توڑ مہنگائی سے تنگ آچکے ہیں ، حکمرانوں کی خارجہ ، داخلہ اور معاشی پالیسیاں مکمل طورپر ناکام ہوچکی ہے ، مسائل جنگوں سے نہیں بلکہ مذاکرات ہی سے حل ہوسکتے ہیں ، افغانستان امن مذاکرات میں افغان حکومت کو شامل کیا جائے ، کرتار پور راہداری کھولنے کی حمایت کرتے ہیں ، اسی طرح افغان بارڈر بھی کھول دیا جائے اگر کرتارپور راہداری کو سابق بھارتی کرکٹرسدھو کی خواہش کے بجائے بھارتی حکومت کے ایما پر کھول دیا جاتا تو اس سے بھارت کے ساتھ تعلقات بہتر ہوسکتے تھے ، افراد کے بجائے حکومتوں کے ذریعے سفارتی تعلقات مضبوط ہوسکتے ہیں ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوات پریس کلب میں میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر اے این پی کے مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری واجد علی خان ، اے این پی کے صوبائی نائب صدر ایوب خان اشاڑے، ضلعی صدر شیر شاہ خان ، خواجہ خان اور دیگر رہنماؤں اور ورکرز کی بڑی تعداد موجود تھی ، میاں افتخار حسین نے مزید کہا کہ آج سے 40سال پہلے باچاخان اور ولی خان کہتے تھے کہ ہمیں دوسروں کی جنگ میں حصہ نہیں لینا چاہیئے ان باتوں کو آج تسلیم کیا جارہاہے ،اگر ان باتوں پر40سال پہلے عمل کیا جا تا تو اتنی بڑی تباہی نہیں ہوتی ، انہوں نے کہا وزیر اعظم کہہ رہا ہے کہ اب ہم کسی اور ملک کے لئے بندوق نہیں اٹھا ئیں گے تو اس سے ثابت ہوتا ہے کہ حکمران دوسرے ملک کے لئے پہلے بندوق اٹھا چکے ہیں ، انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ چھتری کے ذریعے اترنے والے حکمرانوں سے ملک سنبھا لا نہیں جاتا ، بیرونی ممالک کا اعتماد ختم ہورہا ہے وزیر اعظم کے بیرونی دورے ناکام ہوچکے ہیں اور ملک دیوالیہ ہونے کے قریب پہنچ چکا ہے ، وزیر اعظم نے خود 100روز کا پلان دیا تھا جس میں وہ ناکام ہوگئے اب وہ خود کہہ رہا ہے کہ ملک میں مڈٹرم انتخابات ہوسکتے ہیں ، افغانستان میں امن کا قیام نہایت ضروری ہے اس لئے افغانستان میں قیام امن کے لئے مذاکرات کے ذریعے سنجیدہ کوشش کی جائے ، انہوں نے کہا کہ سوات کے سرکاری محکموں میں انتقامی کا روائیاں بند کی جائے ، انہوں ایک دوسری سوال کے جواب میں کہا کہ خیبر پختونخوا میں عوامی نیشنل پارٹی کی جانی قربانیوں کی بدولت امن قائم ہوگیا ہے اور اس امن کو برقرار رکھنے کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔