سوات،برما کے مظلوم مسلمانوں سے اظہار یک جہتی کے لئے احتجاجی مظاہرے

سوات (زما سوات ڈاٹ کام ۔08ستمبر2017ء )سوات کے علاقے مدین اور مرکزی شہر مینگورہ کے نشاط چوک میں برما کے مظلوم مسلمانوں سے اظہار یک جہتی کے لئے احتجاجی مظاہرے، چیئرمین ڈیڈک سوات فضل حکیم خان کی قیادت میں برماکے مسلمانوں کے ساتھ اظہار ہمدردی کیلئے احتجاجی مظاہرہ میں کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی ، احتجاجی مظاہرے میں بلدیاتی نمائندوں ، پی ٹی آئی عہدیداروں کارکنوں اور مقامی لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی ، مینگورہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ڈیڈک فضل حکیم نے کہا ہے کہ حکومت فوری طور پر برما سے پاکستانی سفیر کو واپس بلائے اور پاکستان میں موجود برما کے سفیر کو بھی ملک بدر کرے ۔پاکستانی قوم پوری دنیا کے مسلمانوں کے ساتھ ہر دکھ اور غم میں برابر کی شریک ہے ، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے لئے کام کرنے والے ادارے برما میں مسلمانوں کے ساتھ ظلم و بربریت کے خلاف اقدامات اٹھائیں ۔ چیئرمین ڈیڈک نے اسلامی ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ بھی برما سے اپنے اپنے سفیر واپس بلا کر برمی سفیروں کو ملک بدر کریں کیونکہ قران پاک کی رو سے تمام مسلمان بھائی بھائی اور ایک جسم کی مانند ہیں ،ایک مسلمان گروہ پر حملہ تمام مسلمانوں پر حملے کے برابر ہے لہذا تمام مسلمانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ نہتے روہنگیا مسلمانوں کے خون ناحق کے ذمہ داروں کو سختی سے روک لیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے قائدین اور کارکنان برما کے مسلمانوں کے ساتھ ہر دکھ اور غم میں برابر کے شریک ہیں،احتجاجی مظاہرے سے ضلعی کونسلرشوکت علی ،پی ٹی آئی مینگورہ سٹی کے جنرل سیکرٹری و تحصیل کونسلر شاہد علی خان ،پریس سیکرٹری احمد شاہ ، اقبال محمود خان ،ویلج کونسل نائب ناظم محمد رحمن عرف سپین خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا، احتجاجی مظاہرے میں عالم اسلام کی سلامتی ،اتحا د و ترقی کیلئے خصوصی دعا بھی مانگی گئی جبکہ احتجاج کے بعد نشاط چوک سے سہراب خان چوک مینگورہ تک ریلی بھی نکالی گئی جس میں عوام نے برما کے مسلمانوں کے حق میں زبردست نعرے بازی کی۔

BurmaProtest